وزیر بیگ لاچاراور غیرسنجیدہ شخص ہے :نواز ناجی
گاہکوچ(کے ٹو) بی این ایف کے قائد نواز خان ناجی نے کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنزہ جھیل کے متاثرین کو حکومت مستقل بنیادوں پر آباد کرے اور گلگت میں سرکاری خرچے پر متاثرین کیلئے رہائشی مکانات تعمیر کرائے جائیں انہوں نے کہا کہ جھیل ٹوٹنے کے بعد جو نقصانات ہونگے ان کی تمام تر ذمہ داری وزیر بیگ اور وزیراعلیٰ کے علاوہ موجودہ حکومت پر عائد ہوتی ہے اگر نام نہاد وزیراعلیٰ اور سپیکر وزیر بیگ صرف دلاسوں اور کھوکھلے وعدوں سے اجتناب کرتے تو لوگ خود اپنے مستقبل کاتعین کرکے مگر نام نہاد اور نااہل حکمرانوں نے دور سے گوجال اور ہنزہ کے عوام کوڈوبتے ہوئے تماشہ دیکھا، نواز خان ناجی نے کہا کہ ساری صورتحال میں ہنزہ کے عوامی نمائندوں کی لاپرواہی اور سستی قابل مذمت اور باعث ندامت ہے آج ہستے اورکھیلتے بچوں کو اپنے جنت نظیر علاقوں سے ہجرت کرتے ہوئے دیکھ کر دل خون کے آنسو رورہا ہے خوبصورت وادیاں آنے والے ہر نئے دن میں زیر آب آرہی ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے وزیربیگ ایک لاچاراور غیر سنجیدہ شخص ہے جس نے اپنی کوتاہیوں پر شرمندگی کا اظہار کرنے کے بجائے کہا کہ یہ سب قدرت نے کردیا ہے ہم یہ سوال اس وقت کریں گے جب وزیر بیگ کا اپنا گھر قدرتی آفت کے زد میں آئے گا انہوں نے کہا کہ جھیل ٹوٹنے کے بعد اگر حکومت نے روایتی دلاسے دیتے اور متاثرین کو مکمل طورپر آباد نہیں کیا تو بی این ایف ہنزہ گوجال کے عوام کے ساتھ ملکر حکمرانوں کو چین سے بیٹھنے نہیں دے گی


