فرقہ پرستوں پر کڑی نظررکھیں گے :گورنر
کراچی(کے ٹو) گورنر گلگت بلتستان ڈاکٹر شمع خالد نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کی 62سالہ محرومیوں کے ازالے کے لیے موجودہ حکومت تیزی سے کام کررہی ہے اور خطے میں فرقہ واریت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اورانہیں کنڈول کیاجائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں بلتستان سے تعلق رکھنے ولے ممتاز عالم دین مرزایوسف حسین کی قیادت میں ان سے ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی مرزا یوسف حسین کے مطابق گورنر نے کہاکہ عوام مطمئن رہیں کہ حکومت ان کی توقعات پر پورا اترے گی اور کراچی میں مقیم گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر گلگت بلتستان ڈاکٹر شمع خالد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صحت اور تعلیم کی کمی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے، گلگت بلتستان میں کرپشن کا خاتمہ اور امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ اتوار کو کراچی آمد پر مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔ قبل ازیں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈاکٹر شمع خالد نے مزار قائد میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ وہ یہاں مزار قائد پر عظیم قائد محمد علی جناحؒ کی قدم بوسی کیلئے حاضر ہوئی ہیں تاکہ ان کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے علاقے کی خدمت کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری خواتین کی ترقی کے خواہاں ہیں اس لئے وہ خواتین کی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شمع خالد نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کو ماضی میں مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا اور صدر مملکت کو اس صورتحال پر تشویش تھی جس کے باعث انہوں نے وہاں نیا نظام دیا تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گورنر کے عہدہ کے ساتھ ہی ہم پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہو گئی ہیں جسے وہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کی مقامی ہیں اس لئے وہاں کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں بھی ملک بھر کی طرح کرپشن کے اثرات موجود ہیں جس کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے چونکہ گلگت بلتستان حساس علاقہ ہے اور وہاں کچھ فرقہ وارانہ مسائل بھی موجود ہیں۔ ڈاکٹر شمع خالد نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں خواتین کی پسماندگی کی بنیادی وجہ تعلیم کی کمی ہے اور وہاں مزید اسکول قائم کئے جائیں گے اور خواتین کی شرح خواندگی میں اضافے کے لئے شعور کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ خواتین آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی علیحدہ یونیورسٹی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت کی سہولیات کی بھی کمی ہے، وہاں میڈیکل کالجز قائم کئے جائیں گے تاکہ مقامی افراد میڈیکل کی تعلیم حاصل کر کے اپنے علاقے کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان خوبصورت علاقہ ہے اور وہاں پر سیاحت کو فروغ دے کر خاطر خواہ زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے
