ہنزہ (جنگ)ہنزہ کی عطا آباد جھیل سے پانی کا اخراج مجموعی طور پر3ہزارکیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ پانی کے اخراج کے سبب اسپل وے کے کٹاؤ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے ریٹائرڈ لیفنٹنٹ جنرل ندیم احمد نے آج عطاآباد جھیل کا فضائی دورہ کیا۔فضائی دورے کے بعد صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عطا آباد جھیل کے اسپل وے سے پانی کا اخراج 2600کیوسک سے تجاوز کرگیا، جبکہ پانی کا رساؤ400کیوسک پر برقرار ہے۔عطاآباد جھیل میں مجموعی طورپر پانی کی آمد3 ہزار پانچ سو کیوسک اورپانی کا اخراج تین ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسپل وے میں کٹاؤ تیزی سے جاری ہے جس کے باعث صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے جھیل کی دوسری جانب واقع گلمت میں چار مکان اورشش کٹ میں بھی دو مکان ڈوب گئے ہیں ۔ ادھر ضلع ہنزہ نگر میں موسم خراب ہے اور وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ گلگت ہنزہ میں اگلے دو روز وقفے وقفے سے ہوائیں چلیں گی اور بارش ہوگی۔ادھر شاہراہ قراقرم گلگت ہنزہ سیکشن سہ پہر چار بجے تک کھلا رہے گا جس کے ذریعے امدادی سامان اور لوگوں کی آمدورفت کا عمل جاری ہے
