ہنزہ (اسماعیل ہنزائی) رات بھر بارش ہونے کی وجہ سے عطاءآباد جھیل میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند گئی۔ متاثرین کومحفظ جگہ
تک پہنچانے کے لئے ہیلی کاپٹر سروس آج سے شروع کی جا رہی ہے۔علاقے میں کشتی سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ سڑک کے ذریعے بھی آمدورفت بند ہے ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دریائے ہنزہ سے سیلابی ریلا بہتے وقت دریا کے کناروں تک نہ جائیں۔ مطلع صاف ہوتے ہی ہیلی کاپٹروں سے آبادی کی نقل مکانی شروع کر دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ہنزہ کاکہنا ہے کہ خراب صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں جولائی تک کا خوارک کا ذخیرہ محفوظ کر لیا گیا ہے ،سیلابی ریلے سے بچاو کے لئے علاقے میں پانچ بلند محفوظ مقامات مختص کر لئے گئے ہیں۔ سلمان آباد ، حسین آباد ، سکندر آباد ، مایوں آباداور خان آباد کے علاقے خالی کرا دیئے گئے ہیں اور پندرہ ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے امدادی کیمپ کام کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ہنزہ نگرمیںنو اور گلگت میں چودہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں ۔ادھر بالائی علاقے گلی شورکے مقام پر شاہراہ ریشم مکمل زیر آب آ گئی ہے ۔متعلقہ اداروں کے مطابق 23 مئی تک جھیل کا پانی سپل وے تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ ہنزہ اور گلگت کے درمیان امدادی ٹیموں کی تعداد بڑھا کر تیس کر دی گئی ہے جبکہ پاک آرمی ، انجمن ہلال احمر ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فلاحی تنظیم فوکس ریلیف کیمپ قائم کرنے میں مدد کر رہی ہے

