گلگت (کے ٹو) گورنر گلگت بلتستان ڈاکٹر شمع خالد نے کہاہے کہ گلگت بلتستان خصوصاً ہنزہ نگر اورگلگت کے عوام کوصبر وتحمل اوربہادری کامظاہرہ کرناچاہیے تاکہ مشکل کی یہ گھڑی ٹل جائے گورنر گلگت بلتستان ڈاکٹر شمع خالد نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ عطاآباد ہنزہ میں بننے والی جھیل سے پانی کااخراج شروع ہوچکاہے جس کی مقدار میں بتدریج اضافہ بھی ہورہاہے جوکہ نشیبی علاقوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتاہے اس لئے حکومت نے نشیبی علاقوںکے عوام کومحفوظ مقامات پر قائم کئے گئے خیموں میں منتقل کردیاہے گورنر نے کہاکہ حکومت متاثرین کی امداد اورسہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے ہرقسم کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے گورنر گلگت بلتستان نے کہاکہ نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والے عوام واپس نشیبی علاقوں کی طرف بالکل نہ جائیں کیونکہ سیلابی ریلا آنے یاجھیل ٹوٹ جانے سے جانی نقصانات ہوسکتے ہیں انہوںنے کہاکہ مالی نقصانات کاازالہ توممکن ہے مگر جان چلی جائے تو اس کاازالہ کسی صورت میں ممکن نہیں ہے اس لئے عوام احتیاط کریں اوراپنی جان کی حفاظت کریں


