اسلام آباد+ہنزہ (کے ٹو) وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے ہنزہ کے نزدیک مصنوعی جھیل بننے سے مقامی آبادی کو درپیش
مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود متاثرہ علاقے میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت پیر کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو سے ملاقات میں جاری کی۔ وزیراعظم نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں ربط پیدا کرے۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو تودے گرنے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں ایک مصنوعی جھیل بن گئی اور مقامی لوگوں کے گھر اس میں زیر آب آ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تودے گرنے کا بڑا واقعہ عطاءآباد گاﺅں کے قریب پیش آیا جس کے نتیجہ میں پورے کا پورا گاﺅں زیر آب آ گیا جبکہ وفاقی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی مدد سے مقامی آبادی کو وہاں سے نکال لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے پہلے ہی ہنزہ کے متاثرہ علاقے میں موجود ہیں۔ دوسری جانب چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہنزہ کے قریب عطاءآباد کے علاقے کا دورہ کیا جہاں پر چار جون کو بھاری لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک جھیل بن گئی تھی اور پاک فوج کے جوانوں نے متاثرہ افراد کو بچانے کیلئے بھرپور امدادی سرگرمیوں میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ اس جھیل کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے بھی وہ کام کررہے ہیں کیونکہ گلگت بلتستان کی حکومت نے فوج سے اس آفت سے نمٹنے کیلئے باضابطہ طورپر مدد کی درخواست کی تھی آرمی چیف کو ان کے دورے کے دوران فوج کے انجینئر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ 415میٹر لمبا ، 40میٹر چوڑا اور 20میٹر گہرا سپل وے بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کا ٹاسک ایف ڈبلیو او کو دیا گیا تھا آرمی چیف نے اس حوالے سے جاری امدادی سرگرمیوں اور جھیل کو ٹوٹنے سے بچانے کی کوششوں کا جائزہ لیا اور ایف ڈبلیو او اور فوجی جوانوں کے جذبے اور ہمت کی تعریف کی ۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او سپل وے کو مزید گہرا اور وسیع کرنے پر کام کررہی ہے جبکہ آرمی انجینئرز نے ایک بوٹ سروس بھی شروع کی ہے اور متاثرہ افراد کو کھانے پینے کی اشیاءبھی بہم پہنچائی جارہی ہیں ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے یہ ٹاسک جلد از جلد پورا کرنے کی ہدایت کی ۔ بالائی ہنزہ میں بننے والی جھیل کے ٹوٹنے کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر جوٹیال کی متعدد آبادیوں کے مکینوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاری شروع کردی ہے پرنس کالونی ، وحدت کالونی ، این ایل آئی کالونی اور ریور یا کالونی سمیت دیگر کالونیوں جو کہ دریائے گلگت کے کنارے آباد ہیں کے مکینوں نے جھیل کے ٹوٹنے کے ممکنہ خدشے کے باعث اپنے گھروں سے ضروری اشیا اور دیگر سامان سمیٹ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاری شروع کر دی ہے گزشتہ ماہ جب ورلڈ بنک کے ایک ماہر نے بالائی ہنزہ میں بننے والی جھیل کے ٹوٹنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا تو ہنزہ نگر اور گلگت کے نشیبی علاقوں کے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا تھا اور لوگوں نے اپنے اپنے گھروں سے ضروری سامان کو سمیٹنا شروع کر دیا تھا اور اس وقت مذکورہ بالا علاقوں کے عوام نے جھیل ٹوٹنے کی افواہوں کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ جھیل سے پانی کے اخراج کے لئے آبی گزر گاہ بنانے کے کام میں مصروف فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور ہنزہ نگر کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل کے یکدم ٹوٹنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے عوام صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اپنے گھروں میں موجود رہیں کسی بھی ہنگامی صورت میں حکومت خود نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے گی اوراس حوالے سے حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں
