عطا آباد جھیل سے پانی کا اخراج400کیوسک ہو گیا
ہنزہ (جنگ) گلیشئرزپگھلنے کے باعث عطا آباد جھیل سے پانی کے اخراج اور رساؤ میں مزید اضافہ ہوگیاہے،جبکہ موسم صاف اور دھوپ تیز ہوجانے کی وجہ سے کیمپوں میں موجود آئی ڈی پیز کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل این ڈی ایم اے آصف بلال لودھی نے جیونیوز سے خصوصی گفت گو کرتے ہوئے بتایا کہ آج موسم صاف اور دھوپ تیز ہوجانے کے باعث گلیشئرز پگھل رہے ہیں جس کے باعث جھیل کی سطح مزیدبلند ہوتی جارہی ہے۔جھیل سے پانی کا اخراج 250 کیوسک سے بڑھ کر 400 کیوسک ہوگیا ہے جبکہ جھیل کی نچلی سطح سے پانی کا رساؤ 350 کیوسک سے بڑھ کر 400 کیوسک ہوگیا ہے، جس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال سے گلگت اور ہنزہ نگر کے درمیان 32 کیمپوں میں موجود آئی ڈی پیز کی مشکلات بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔تیز دھوپ سے بچنے کے لئے آئی ڈی پیز دن بھر خیموں میں رہنے کے بجائے سائے کی تلاش میں گھومتے نظر آتے ہیں۔ کئی امدادی کیمپوں میں مناسب طبی سہولت نا ہونے کے باعث بچے اور خواتین بیمار ہورہے ہیں۔ادھر ہنزہ اور گلگت میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ہیلی سروس جاری ہے
